ماہرہ خان نے اپنی شاندار اداکاری سے صرف پاکستان میں ہی نہیں دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے، تو کیا اب ان کے مداح انہیں بڑی اسکرین پر گلوکاری کرتے بھی دیکھ سکیں گے؟
ڈی این اے انڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ماہرہ خان نے مصنف اور ہدایت کار شعیب منصور کے ساتھ کی جانے والی اپنی اگلی فلم میں گلوکاری کرنے کا اشارہ دیا۔
جب ماہرہ خان سے ان کی گلوکاری کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا، 'میں گلوکار نہیں، تاہم شعیب منصور کو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میں گلوکار بھی ہوں، ان کے مطابق میں اداکاری سے بہتر گلوکاری کرتی ہوں'۔
مزید پڑھیں: شعیب منصور کی فلم 'ورنہ' میں ماہرہ کا مرکزی کردار
اور ایسا محسوس ہورہا ہے کہ فلم 'ورنہ' کے ہدایات کار شعیب منصور چاہتے ہیں کہ ماہرہ خان اس فلم میں گلوکاری بھی کریں۔
اس حوالے سے ماہرہ خان نے کہا 'وہ چاہتے ہیں کہ میں اپنی نئی فلم میں گلوکاری کروں، وہ موسیقی کے بارے میں جانتے ہیں، لیکن میں نہیں'۔
اس سے قبل ایک انٹرویو میں شعیب منصور کا کہنا تھا کہ 'یہ فلم پاکستان کے مردوں کے لیے ہے جن کو خواتین کی آواز سُننے پر مجبور کیا جائے گا، یہ فلم خواتین کو آواز اٹھانے کا حوصلہ دے گی، خُدا کے لیے بول ورنہ'۔
خیال رہے کہ شعیب منصور کی پاکستانی فلموں 'خدا کے لیے' اور 'بول' کو کافی پسند کیا گیا تھا۔
اس فلم کا اسکرپٹ شعیب منصور نے خود تحریر کیا، جس میں ان کی گزشتہ فلم 'خدا کے لیے' کی طرح سماجی مسائل پیش کیے جائیں گے۔
Comments
Post a Comment